کاروار:9؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) کاروار ریلوے اسٹیشن میں چلتی ٹرین پر چڑھنےکے دوران توازن کھوکر نیچے گرنے والے مسافر کو ڈیوٹی پرتعینات ایک پولس کانسٹبل نے بروقت کارروائی کرتےہوئے بچا لیا جس پر عوام نے کانسٹبل کی ستائش کی ہے۔
5جنوری کی شام 6بج کر 7منٹ پر بنگلورو روانہ ہونے والی ’پنچ گنگاایکسپرس‘(نمبر 16596) ٹرین کاروار کے ریلوے اسٹیشن پلاٹ فارم نمبر ایک سے نکلی اور رفتار پکڑنے لگی تو اچانک ایک مسافر نے ایس -4بوگی پر چڑھنےکی کوشش کی جس کے دوران اُس کا توازن کھوگیااور وہ ٹرین کے باہر گرپڑا، اس سے پہلے کہ وہ ٹرین کے پہیوں کی زد میں چلاجاتا، ڈیوٹی پر تعینات پولس کانسٹبل نریندر نائک نے حاضردماغی کاثبوت دیتےہوئے دوڑ کر مسافرکاہاتھ کھینچ کر اُسے کنارے کرلیا۔ اس طرح ایک مسافر کی جان بال بال بچ گئی ۔ واردات کی وڈیو ریلوے اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے پر قید ہوگئی، جو بعد میں سوشیل میڈیا پربھی وائرل ہوگئی۔
زخمی مسافر کی شناخت بنگلورو ڈیفنس محکمہ کے دفتر کا ملازم بی ایم دیسائی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ٹرین سے گرنے کی وجہ سے اسے معمولی چوٹ آئی ہے۔ دیسائی نے بتایا کہ وہ بنگلورو جانےکے لئے ٹرین پر چڑھا تھا لیکن کاروار ریلوے اسٹیشن پر کچھ چیزیں خریدنے کےلئے ٹرین سے اتر گیا تھا۔ چیزیں خریدکر لوٹتے ہی ٹرین چل پڑی تو جلد بازی میں اُس نے بھاگ کر ٹرین پکڑنےکی کوشش کی جس کے دوران توازن کھوکر نیچے گرپڑا۔ پولس کانسٹیبل کی بروقت کاروائی پر مسافر دیسائی نے پولس کانسٹبل کا شکریہ اداکیاہے۔ دیسائی نے بتایا کہ اس کے ساتھ دیگر دوست بھی اُسی کوچ پر سفر موجود تھے، جنہیں فون کرکے واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے اپنا سامان بھی گھر پہنچانے کے لئے کہا، بعد میں ریلوے حکام نے اسے دوسری ٹرین کے ذریعے بنگلور روانہ کیا۔